مریدوں کو شاہ محمود قریشی سے زیادہ کسی نے رسوا نہیں کیا‘ سعید غنی

Jul 08, 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے اپنے مریدوں کو جتنا رسوا کیا ہے کسی اور گدی نشین نے نہیں کیا۔ شاہ محمود قریشی وقت کےساتھ آقا تبدیل کرتے ہیں۔ وہ کسی زمانے میں جنرل ضیا کے قدموں میں بیٹھتے تھے پھر نواز شریف کی قدم بوسی کرتے ہیں اس کے بعد پیپلزپارٹی میں پناہ حاصل کی اب عمران نیازی کے قدموں میں بیٹھے نظر آرہے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ملتان اور عمر کوٹ میں اس سیاسی خانہ بدوش کو شکست ہوگی۔ شاہ محمود قریشی نے وزیرخارجہ بن کر ملک کی تو کوئی خدمت نہیں کی لیکن اپنے بیٹے کو امریکہ میں نوکری دلانے میں کامیاب رہا۔ سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپٹ عناصر کی پناہ گاہ بن چکی ہے۔ عوام 25جولائی کو ووٹ کے ذریعے کرپٹ عناصر کی پناہ گاہ کو مسمار کر دیں گے۔

مزیدخبریں