نواز شریف کو سزا سنائے جانے کے بعد گلی محلوں میں چہ میگوئیاں بڑھ گئیں

Jul 08, 2018

اسلام آباد (سٹی رپورٹر ) سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو احتساب عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد گلی محلوں میں چہ میگوئیاں بڑھ گئی ہیں۔ عام انتخابات بھی نزدیک ہے اس وجہ سے مسلم لیگ ن کے حمایتی اس فیصلے کو ن لیگ کو انتخابات میں نقصان پہنچانے کا ہتھکنڈہ قرار دے رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے سپورٹر اس فیصلے پر مسرت کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اس سے نواز شریف کو فائدہ حاصل ہو گا۔ وفاقی دارالحکومت کی حجام ، سبزی، دودھ دہی کی دکانوں، بیٹھکوں حتیٰ کہ ہر جگہ پر ملک کے سیاسی حالات پر زور و شور سے بحث جاری ہے۔ گلی محلوں میں جہاں چار لوگ اکٹھے ہوتے ہیں، آئندہ انتخابات کے محرکات اور ممکنہ نتائج پر بحث شروع ہو جاتی ہے۔ بعض جگہ بات تُو تکار سے آگے بڑھ کر ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ سوشل میڈیا پر بھی مسلم لیگ ن کے متوالوں، پی ٹی آئی کے کھلاڑیوں اور پیپلز پارٹی کے جیالوں کے درمیان بحث چھڑی ہوئی ہے۔ یہ بات لمحہ فکریہ ہے کہ سیاسی نظریات پر اختلاف اپنی جگہ، مگر بارہا دیکھا گیا ہے کہ سیاسی بحث کرتے وقت کارکنان باہم دست و گریباں ہو جاتے ہیں۔ جی ایٹ ون کے رہائشی بزرگ شوکت علی نے نوائے وقت سے بات چیت میں کہا کہ سیاسی معاملات پر بڑھتی عدم روداری کی جانب وطن عزیز کے تمام حلقوں کو توجہ دینی چاہیے۔

مزیدخبریں