اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے گنجان آباد سیکٹروں میں پانی کی سپلائی کی ایک روز چھوڑ کر راشننگ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا،جی سکس،جی سیون،جی ٹین اور آئی ٹین میں پانی کی قلت سے شہری طلملا اٹھے،اسلام آباد کے باسیوں نے انتخابی امیدواروں سے فراہمی آب کے مطالبات رکھ دیئے۔شہریوں نے متعلقہ حکام کو بھی پانی کے مسئلہ کو حل کرنے کے مطالبات رکھ دیئے۔پانی کی کمی کی وجہ سے شہری پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے اپنے مطالبات میں کہاہے کہ متعلقہ حکام کو بارہا درخواستیں دی گئیں لیکن شنوائی نہیں ہوئی ۔ایف سکس کے رہائیشی محسن افتخار نے اے پی پی کو بتایا کہ بے قاعدہ اور غیر مناسب پانی کی سپلائی نے سیکٹر کے مکینوں کی روزمرہ زندگی متاثر کر کے رکھ دی ہے۔ایک اور رہائشی بلال ملک نے کہا کہ ہمارے پاس ٹینکر کا پانی خریدنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔شہریوں نے سی ڈی اے ٹینکر سپلائی بھی بروقت نہ ملنے کی شکایت کی اور سی ڈی اے حکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اسے بہتر بنایا جائے۔بشیر احمد نامی جی سکس کے رہائیشی نے بتایا کہ جو امیدوار ہمیں پانی کے مسئلہ کو حل کرانے کی یقین دہانی کرا ئے گا اسے ووٹ دیں گے۔ایک خاتون خانہ شمسہ انور نے بتایا کہ 3 ماہ سے پانی کا مسئلہ درپیش ہے جس سے متعلق شکایات درج کرانے کے باوجود مسئلہ جوں کا توں ہے۔سی ڈی اے حکام سے رابطہ کرنے پر انھوں نے بتایا کہ موسم گرما میں پانی کی مانگ بڑھ جاتی ہے اور بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے جہاں ڈیموں میں پانی کی سطح بری طرح متاثرہے وہاں زیر زمین پانی کی سطح بھی گر گئی ہے تاہم مون سون کی بارشوں سے یہ صورتحال بہتر ہونے کا امکان ہے۔انھوں نے کہا کہ مسئلہ سے بھرپور آگاہ ہیں۔انھوں نے شہریوں سے بھی مطالبہ کیا کہ پانی احتیاط سے استعمال کریں تاکہ دوسرے شہریوں کو بھی پانی مل سکے۔