لاہور(نمائندہ سپورٹس) انڈونیشیا میں شیڈول گیمزکیلئے جاری کیمپ میں 6 خواتین پلیئرز بھی ٹریننگ میں مصروف ہیں،ان میں سے 3 باکسرز ایونٹ میں پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ایشیائی ملکوں پر مشتمل کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ ایشینز گیمز کی صورت میں رواں سال سجے گا۔ میگا ایونٹ انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں18 اگست سے 2ستمبر تک منعقد ہوگا ۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپس زور وشور سے جاری ہیں۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا کیمپ اسلام آباد میں لگایا گیا ہے جس میں کھلاڑی ماہر کوچز کی نگرانی میں بھر پور ٹریننگ کر رہے ہیں، کیمپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس بار مرد کھلاڑیوں کے ساتھ 6 خواتین پلیئرز بھی ایکشن میں ہیں۔پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر خالد محمود نے کہا کہ انڈونیشیا میں ہونے والی ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی ہر پلیئر کیلیے ایک اعزاز ہے، پلیئرز کیمپ میں بھرپور محنت کا سلسلہ جاری رکھیں، مجھے پوری امید ہے کہ وہ ایشین گیمز کے دوران قوم کا سر فخر سے بلند کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ مردوں کے ساتھ اس بار خواتین باکسرز بھی ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کریں گی، تمام پلیئرز باصلاحیت ہیں۔