فیصل آباد(آن لائن)نگران وزیر زراعت ،خوراک، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ زراعت کو ملکی معیشت میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے ۔ صوبہ پنجاب ملک میں فوڈ سیکیورٹی اور غربت کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کر تا ہے ۔ صوبہ میں امسال 5.7 ملین ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا جس سے 10 ملین گانٹھ کے پیداواری ہدف کے حصول کی خاطر تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ امسال 56لاکھ 58ہزار 726 ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہوئی ہے جو مقرر کردہ ہدف کا 99.28فیصد ہے۔ ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے کاشتکاروں میںکپاس کی منتخب شدہ اقسام کے بیج پر 700 روپے فی بیگ سبسڈی فراہم کی گئی۔ اس سکیم سے 22ہزار 3سو کاشتکار مستفید ہوچکے ہیں۔ کپاس کے کاشتکاروں کو 14 کروڑ 74 لاکھ روپے کی خطیر رقم سے سپرے مشینری سبسڈی پر فراہم کی گئی ہے۔امسال 54 تحصیلوں میں 50 ایکڑ فی تحصیل پی بی روپس کے نمائشی پلاٹ مفت لگائے گئے ہیں۔آن لائن کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں کاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میںسیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید ، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ( ٹاسک فورس) پنجاب بینش فاطمہ ساہی،پروفیسر ڈاکٹر آصف علی وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی، کاٹن کمشنر ڈاکٹر خالد عبداللہ، ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ، سید ظفر یاب حیدر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) ، چوہدری خالد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت(پیسٹ وارننگ)،رائے مدثر عباس ڈائریکٹر انفارمیشن زراعت پنجاب،ڈاکٹر زاہد محمود ڈائریکٹر سی سی آر آئی، ڈاکٹر صغیر احمد ڈائریکٹر کاٹن، نوید عصمت کاہلوں،رائوشاہداختر،سلیم ناصر، میپکو،محکمہ انہار،موسمیات، پی سی پی اے، کھاد بنانے والی کمپنیوں کے نمائندگان، مرکزی صدر پاکستان کسان اتحاد چوہدری خالد محمود کھوکھر،رانا افتخار، رانا ضیاء الحق سمیت محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے ڈپٹی ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرلز زراعت سید ظفر یاب حیدر،ڈاکٹر عابد محمود،چوہدری خالد محمود ودیگر نے بھی اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ بھی دی۔
زراعت کو ملکی معیشت میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے،نگران وزیر تنو یر
Jul 08, 2018