متحدہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کل جمع کروائے گی

Jul 08, 2019

اسلام آباد( محمد نواز رضا ۔وقائع نگار خصوصی ) متحدہ اپوزیشن منگل 9جولائی کو قائد حزب اختلاف راجا محمد ظفر الحق قیادت میں سینیٹ میں اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے پارلیمانی قائدین چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں گے آج سینیٹ میں اپوزیشن جماعتیں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ڈرافٹ تیار کریں گی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا محمد ظفر الحق نے سینیٹ میں اپوزیشن کے ایک تہائی سینیٹرز کو منگل کی صبح تک پارلیمنٹ ہائوس پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کی تمام جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز دستخظ کریں گے تحریک عدم اعتماد پوری اپوزیشن کی طرف سے پیش کی جائے گی ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ٹیلیفون پر پارٹی کے چیئرمین راجا محمد ظفر الحق سے بات چیت کی اور ان سے تحریک عدم اعتماد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا سینیٹ اجلاس میں قرارداد پر خفیہ رائے شماری ہوگی، قرارداد کی منظوری پر نئے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب عمل میں لیا جائے گا، متحدہ اپوزیشن کی طرف سے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار کے لئے باضابطہ طور پر نام کا اعلان 11جولائی کو رہبر کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ رہبر کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف ،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت اپوزیشن کی تما م جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر بھی شرکت کریں گے میاں شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری رہبر کمیٹی کے فیصلے کا اعلان کریں گے اس بات کا قوی امکان ہے راجا محمد ظفر الحق کو چیئرمین شپ کے لئے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار نامزد کیا جائے گا چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر آئندہ ہفتے سینیٹ کا اجلاس طلب کئے جانے کا امکان ہے پاکستان مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی ،جمعیت علماء اسلام ف، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور نیشنل پارٹی کے سینیٹرز کے دستخط ہوں گے۔

مزیدخبریں