شندور میلہ چترال میں شروع، پہلے دن 20 ہزار سے زائد سیاحوں کی آمد

Jul 08, 2019

لاہور(نمائندہ سپورٹس ) شندور پولو میلہ صبح ضلع چترال میں شروع ہو گیا ،میلہ تین روز جاری رہے گا،فرنٹیئر کور خیبرپی کے کے انسپکٹر جنرل میجر جنرل راحت نسیم خان نے میلے کا افتتاح کیا ۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وادی شندور میں ایسے بڑے پولو میلے کا انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ ملک میں امن بحال ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولو میلے کا اہتمام ایک مشکل کام تھا تاہم سکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ نے اسے ممکن بنادیا ۔انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نے کہاکہ پاکستانی قوم بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے جنھیں ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے استعمال کیاجائے گا ۔پیراگلائیڈنگ ، کھانے پینے کے سٹال اور روایتی رقص سمیت مختلف رنگا رنگ پروگرام میلے کا حصہ ہیں۔ بیس ہزار سے زائد سیاح میلے کے پہلے دن روایتی پولو ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہونے کیلئے پہنچے ہیں ۔افتتاحی روز پولو کے ایک میچ میں غذر نے لاسپور کو سات کے مقابلے میں آٹھ گول سے ہرادیا ۔مہمان خصوصی خیبرپختونخوا کے وزیراعلی محمود خان نے کہاکہ موجودہ حکومت صوبے میں کھیلوں اور دوسری صحت افزا سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پرعزم ہے ۔ اس مقصد کیلئے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔خیبرپختونخوا کے سیاحت اور امور نوجوانان کے وزیر محمد عاطف خان نے کہاہے کہ شندور پولو میلہ دنیا کا منفرد میلہ ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ میلہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں مزید غیرملکی سیاحوں کو راغب کرے گا ۔ شندور میلہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے دہشت گردی سے متاثرہ پاکستان کا عالمی تاثر تبدیل کردے گا ۔

مزیدخبریں