اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) تنظیم بہبو د حجاج پاکستان کے سیکرٹری جنرل امتیاز عاصی نے کہا ہے کہ عازمین حج کی سعودی عرب روانگی شروع ہو چکی ہے لیکن وزارت مذہبی امور نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میںسرکاری سکیم میں جانے والے عازمین حج کے رہائشی کرایوںکو ابھی تک مخفی رکھا ہوا ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں وزارت مذہبی امور عازمین حج کے کرایوں کی شرح کا حج پالیسی کے اعلان کے وقت بتا دیا جاتا تھا لیکن امسال نہ جانے کیوں کرایوں کا اعلان نہیں کیا گیا جس سے رہائشی کرایوں میں بڑے پیمانے پر مبینہ گڑبڑ کا امکان ہے ۔انہوں نے اس امر پر حیرت کااظہار کیا کہ وزارت مذہبی امور عازمین حج کو چھ ارب روپے واپس کر رہی ہے حالانکہ حج انتظامات میں اس سے بڑی بدنظمی اور کیا ہو سکتی ہے کہ پہلے عازمین سے حج کے واجبات زیادہ وصول کرکے اب کئی ماہ بعد واپس کرنے کا اعلان کیا جا رہاہے انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو ان کی رقم واپس کرنا وزارت مذہبی امور کا حجاج پر کوئی احسان نہیں ہے۔جو وزارت عازمین حج کے کوٹہ کی منصفانہ تقسیم کو یقینی نہیں بنا سکتی وہ حج انتظامات کس طرح اچھے کر سکتی ہے۔