افغانستان: طالبان کا خفیہ ایجنسی کے دفتر پر کار بم حملہ، 8پولیس اہلکاروں سمیت14ہلاک ، 180زخمی

کابل(صباح نیوز)افغانستان کا شہر غزنی کار بم دھماکے سے گونج اٹھا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 180شدید زخمی ہو گئے، ہلاک ہونے والوں میں8 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کا شہر غزنی 2 روز کے دوران 2 بم دھماکوں کا نشانہ بن گیا، دھماکے میں حملہ آوروں نے افغان انٹیلی جنس ادارے(این ڈی ایس) کو ٹارگٹ کیا جس میں 8 پولیس اہلکار اور 6 شہری جان کی بازی ہار گئے جبکہ 180دیگر زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بم انٹیلی جنس عمارت کے سامنے کھڑی کار میں نصب کیا گیا تھا، دفتر کی سکیورٹی کیلئے پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات تھی جو بم دھماکے کا براہ راست نشانہ بنی۔دوسری جانب طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے میں نیشنل ڈائریکٹوریٹ سکیورٹی کو نشانہ بنانا تھا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے افغان خفیہ ایجنسی کے دفتر پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ حملے میں نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کے اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ انہوں نے سکول کے بچوں کے زخمی ہونے کے کابل حکومت کے مؤقف کو مسترد کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن