چکوال(نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے منگل کے روز کہا ہے کہ ملک پر اس وقت بدعنوان عناصر کا ایک مخصوص ٹولا مسلط ہے اور ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔ مدینے کی ریاست کا خواب دکھانے والے مکمل طو رپرناکام ہوچکے ہیں اور یہ بدعنوان ٹولہ اس وقت حکمرانوں کے ارد گرد اکھٹا ہے۔ وہ جمیعت علمائے اسلام ف ضلع چکوال کے وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے منصورہ لاہور میں پیر عبدالشکور نقشبندی کی قیادت میں ان سے ملاقات کی تھی۔ سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں سے اب کسی خیر کی توقع نہیں کہ ہر شعبے میں حکومت قطعی طو رپر ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے بھی حکومتی اقدامات سب کے سامنے ہیں یہ الگ بات ہے کہ اللہ کا بڑا کرم ہوا ہے کہ کورونا نے اس انداز میں تباہی نہیں پھیلائی۔انہوں نے کہا کہ جب تک ملک میں اسلامی نظام کا عملی نفاذ نہیں ہوتا ملک کی حالت تبدیل نہیں ہوسکتی، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ستر بہتر سالوں میں اس ملک میں سب تجربے ہو چکے ہیں جو ناکام ہوئے ہیں اب آخری حل اسلامی نظام ہی باقی بچا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہرحال وقت آگیا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز ملک بیٹھ کر مستقبل کا لائحہ عمل تیار کریں تاکہ ملک موجودہ دلدل سے باہر نکل سکے۔وفد میں مولانا عمر فاروق نقشبندی اور محمد سعد بھی موجود تھے۔
ملک پر بدعنوان عناصر کا ایک مخصوص ٹولا مسلط ہے : سینیٹر سراج الحق
Jul 08, 2020