حسن ابدال، ایک رات میں ڈکیتی کی دو وارداتیں، ڈاکو بآسانی فرار

حسن ابدال (نامہ نگار) نواحی گائوں برہان میں پولیس چوکی کے قریب ایک ہی رات میں ڈکیتی کی دو وارداتوں کے دوران ڈاکو 33لاکھ روپے نقدی اور 19 تولے کے طلائی زیورات لے کر فرار۔ ڈکیتی کی ایک واردات پولیس چوکی کے قریب جبکہ دوسری واردات ایک گھنٹے کے وقفے سے ایک کلو میڑ کے فاصلے پر کی گئی ۔ برہان چوکی پولیس گشت میں مصروف رہی ،ڈاکو واردات کر کے با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ گذشتہ شب حسن ابدال کے نواحی علاقے برہان میں برہان پولیس چوکی کے قریب اور ایک کلو میٹر کے ایریا میں ڈکیتی کی دو وارداتوں کے دوران ڈاکو 33لاکھ روپے نقدی اور 19تولہ کے طلائی زیورات لوٹ کر لے گئے پہلی واردات کے دوران پانچ مسلح ڈاکوئوں نے برہان پولیس چوکی کے قریب واقع محمد ریاض ولدخان داد کے گھر سے 3لاکھ روپے نقدی اور 19تولہ کے طلائی زیورات لوٹ لیے واردات کے بعد مسلح ڈاکو تقریبا ً ایک کلو میٹر کے فاصلے پر ہی واقع نزاکت علی خان ولد ولد مقبول خان جو کہ سابق ناظم برہان کے بھائی بتائے جاتے ہیں کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر 30لاکھ روپے نقدی لے کر با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ایک گھنٹہ کے دوران پولیس چوکی برہان کے قریب ایک کلو میٹر کے ایریا میں ہونے والی ڈکیتی کی دلیرانہ وارداتوں نے جہا ں ایک طرف شہریوں کو شدید عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے وہیں دوسری جانب پولیس چوکی کے قریب ہونے والی وارداتوں نے پولیس کے گشت اور کارکردگی پر بھی کئی سوالیہ نشان چھوڑ دیے ہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پولیس کے گشت کو موثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو اس قسم کی وارداتوں سے بچایا جا سکے ۔

ای پیپر دی نیشن