اسلام آباد (نامہ نگار) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں بنک اکائونٹس کے مبینہ میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر ملزموںپر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 24جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ منی لانڈرنگ ریفرنس میں فرد جرم کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں تمام انتظامات مکمل تھے۔ زرداری کے لئے ویڈیو لنک کا انتظام کراچی میں تھا جبکہ فریال تالپور کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا۔ ملزموںکے وکیل فاروق نائیک اور لطیف کھوسہ نے عدالت میں فریال تالپور کی طرف سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ جج اعظم خان نے ریمارکس میں کہا ایک ملزم کی پلی بارگین مکمل ہونے سے پہلے فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی۔ نیب نے ایک ملزم کی پلی بارگین کی رپورٹ عدالت میں جمع کروانی تھی۔ عدالت نے حکم دیا کہ نیب آئندہ سماعت سے 2،3دن پہلے پلی بارگین رپورٹ پیش کرے۔ریفرنس کی ابتدائی تفتیش ایف آئی اے نے کراچی میں کی جس کے بعد سپریم کورٹ کے احکامات پر کیس نیب راولپنڈی کو منتقل ہوا۔ اب تک یو اے ای کے ناصر لوتھا اور اومنی گروپ کے اسلم مسعود سمیت کیس کے 5اہم ملزموں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں۔