نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا معاملہ پرزور انداز میں اٹھا دیا۔ پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوام متحدہ میں بھارت کیخلاف حقائق کی روشنی میں تقریر کی ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ بھارتی ایما پر ریاستی دہشت گردی سے پاکستان کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ اقوام متحدہ بھارت کی پاکستان مخالف دہشت گرد کارروائیوں کا فوری نوٹس لے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی سازش کر رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کشمیریوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہیں۔ بھارتی مظالم کشمیریوں کے بلند حوصلے کو غیرمتزلزل نہیں کر سکتے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کراچی پر دہشت گرد حملے میں بھارت ملوث تھا۔ پاکستان بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے۔ بھارت پاکستان کے خلاف دہشتگردی کیلئے دہشتگرد گروپس کی پشت پناہی کرتا ہے۔ کراچی میں چین کے قونصل خانے پر دہشتگردی بھی بھارت نے کرائی۔ بھارت میں اسلاموفوبیا عروج پر ہے۔ رواں سال فروری میں نئی دلی کے مسلم کشن فسادات اسلاموفوبیا کی واضح مثال ہیں۔ بی جے پی کی حکومت آر ایس ایس کے ہندوتوا نظریئے پر عمل پیرا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کو دبایا جا رہا ہے۔ بھارتی اقدامات کے باعث ہندوستان میں مسلمانوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ شہریت قانون میں تبدیلی سے لاکھوں مسلمانوں سے شہریت چھن جانے کا خطرہ ہے۔
بھارتی ریاستی دہشتگردی سے سلامتی کو شدید خطرات: پاکستان، اقوام متحدہ میں معاملہ اٹھا دیا
Jul 08, 2020