اسلام آباد (جاوید صدیق) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے دنیا بھر کے ممالک سے افغان مہاجرین کے روزگار، تعلیم اور ان کے مستقبل کے ایک دیر پا حل کیلئے عملی حمایت کی اپیل کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے ہائی کمشنر کے ہیڈ کوارٹرز میں ہونیوالے اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں افغان مہاجرین کے مسائل کا حل تلاش کرنے کی حکمت عملی پر تفصیل سے غور کیا گیا اور بتایا گیا کہ پاکستان اور افغانستان افغان مہاجرین کے روزگار اور تعلیم کیلئے منصوبے تشکیل دے رہے ہیں۔ ان منصوبوں میں افغان مہاجرین کیلئے پینے کے پانی تعلیم اور توانائی کی فراہمی بھی شامل ہے۔ گذشتہ برس دسمبر میں گلوبل ریفیوجی فورم کے اجلاس میں بھی پاکستان اور افغانستان کی حکومتوں نے دوسرے ڈونرز کے علاوہ افغان مہاجرین کے مسائل کے حل کیلئے اضافی وسائل مہیا کرنے کا پروگرام دیا تھا۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر کے دفتر میں ہونیوالے اجلاس میں دنیا کے تمام ملکوں سے اپیل کی گئی کہ وہ آگے بڑھیں اور افغان مہاجرین کی امداد کیلئے فنڈز فراہم کریں۔ پاکستان میں اس وقت چودہ لاکھ افغان مہاجرین ہیں جن کی وہ میزبانی کر رہا ہے۔ پاکستان کے نمائندے نے بتایا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت اور پرامن واپسی کیلئے کام کر رہا ہے۔