بیجنگ (صباح نیوز) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لی جیان زاو نے سی پیک منصوبے پر وزیراعظم عمران خان کے بیان سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پراجیکٹ پاکستان کی ترقی میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔ بیجنگ میں میڈیا بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے لی جیان زاو نے کہا کہ سی پیک پراجیکٹ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا آغاز ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کو زبردست طریقے سے آگے بڑھانے کا باعث بنے گا۔ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سی پیک پاکستان کے روشن مستقل کی ضمانت ہے۔ پاک چین دوستی کے مظہر اس منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ ادھر چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نے حالیہ برسوں میں اپنے سدابہار تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے اور باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دی ہے۔ ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کی حکومت چین کے تعاون سے عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ہم زراعت، جنگلات، غربت کے خاتمے، سیاحت، نظم و نسق اور مالی نظم و ضبط کو بڑھانے کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔
عمران کے بیان سے اتفاق، سی پیک پاکستان کی ترقی میں مددگار ثابت ہو گا: چین
Jul 08, 2020