اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چین اور پاکستان اور افغانستان نے زور دیا ہے کہ دہشت گردی کی ممکنہ لہر سے بچنے کیلئے افغانستان سے منظم، ذمہ دارانہ اور حالات کی مناسبت سے غیرملکی فوجیوں کے انخلا عمل میں لایا جائے۔ دفتر خارجہ کے مطابق چین، افغانستان پاکستان نائب وزرائے خارجہ کے سٹریٹجک مذاکرات کا تیسرا دور ورچوئل انداز میں ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔ پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، چین کے نائب وزیر خارجہ لو ڑاؤ ہو اور افغانستان کے نائب وزیر خارجہ میرواعظ نے مشترکہ طور پر مذاکرات کی صدارت کی۔ اجلاس کے اختتام پر جاری سہ فریقی مشترکہ بیان میں امریکہ کا نام لئے بغیر کہا گیا ہے کہ افغانستان سے افواج کا انخلاء ذمہ دارانہ اانداز میں مکمل کیا جائے۔ واضح رہے کہ طالبان کے ساتھ معاہدہ کے نتیجہ میں امریکہ، اپنی اور اتحادی اور اپنی افواک کو بتدریج افغانستان سے نکال رہا ہے۔ پاکستان اور چین نے بین الافغان مذاکرات کے آغاز کی راہ ہموار کرنے کیلئے قیدیوں کے تبادلے کے عمل کو تیز کرنے میں افغان حکومت اور متعلقہ فریقوں کی کوششوں کو سراہا اور تشدد میں کمی اور انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر زور دیا۔ اس موقع پر پاکستان، چین اور افغانستان نے کرونا وبا کے خلاف تعاون، افغان امن اور مفاہمتی عمل اور سہ فریقی تعاون پر اتفاق کیا۔ تینوں ملکوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مشترکہ طور پر امتیازی سلوک کا خاتمہ کیا جائے۔ کرونا کی عالمی وبا کی روک تھام کیلئے عالمی ادارہ صحت کے قائدانہ کردار میں مدد کرے۔ وبا کی روک تھام کیلئے بین الاقوامی تعاون بڑھانے اور خطے اور باہر کی دنیا میں عوامی تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔ افغانستان اور پاکستان نے مذاکرات کو مزید مستحکم کرنے اور امن و یکجہتی کیلئے افغانستان پاکستان لائحہ عمل پر موثر عملدرآمد کے ذریعے دوطرفہ تعلقات میں مسلسل بہتری کیلئے کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دوران اجلاس چین کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ تینوں ملکوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ افغان مہاجرین کی وطن واپسی، امن اور مفاہمت کے پراسس کا حصہ ہونا چاہئے۔ عائشہ فاروقی نے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے افغان امن‘ مفاہمتی عمل تیز کرنے اور تینوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ آپس میں رابطوں کو مزید موثر بنانے کیلئے تینوں ممالک نے عزم کا اعادہ کیا۔ تینوں ممالک نے عالمی برادری سے کرونا کیخلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ پاکستان نے ترکی کے صوبے ’’سکایارایا‘‘میں آتش بازی کا سامان بنانے والی ایک فیکٹری میں ہونے والے دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر ترک حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کی ہے۔