لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن میں جہانگیر ترین کے خلاف بغاوت ہو گئی، ارکان کی اکثریت نے جہانگیر ترین گروپ سے وابستہ خود ساختہ چیئرمین نعمان احمد خان کو ان کے منصب سے ہٹانے کے لئے پروگریسو گروپ قائم کر دیا، پروگریسو گروپ قائم کرنے والوں میں ایسوسی ایشن کے ارکان کی اکثریت شامل ہے۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پروگریسو گروپ) کے ترجمان وحید چوہدری نے بتایا کہ نیا گروپ اگلے چند روز میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پروگریسو گروپ دیانتداری سے یہ سمجھتا ہے کہ ایسوسی ایشن میں جہانگیر ترین کا اثر و رسوخ اور بالا دستی شوگر انڈسٹری کے لئے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے کیونکہ ارکان کی اکثریت کاروبار میں سیاست کے عمل دخل کے خلاف ہے اور ہم کسی سیاسی دھڑے بندی کا حصہ بننا چاہتے ہیں اور نہ ہی حکومت سے محاذ آرائی کے حق میں ہیں۔ ہم صرف پاکستان اور عوام کی خدمت اور اپنا کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔
جہانگیر ترین کے خلاف بغاوت‘ شوگر ملز ایسوسی ایشن میں پروگریسو گروپ قائم
Jul 08, 2020