اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نجی ٹیلی کام کمپنی کے سی ای او نے ملاقات کی ہے۔ کمپنی کے سربراہ نے صدر مملکت کو 6 کروڑ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔ رقم ہلال احمر سوسائٹی کے کرونا وائرس کے پیش نظر کئے جانے والے امدادی اقدامات کیلئے استعمال کی جائے گی۔ صدر مملکت نے غریب خاندانوں کی امداد اور ہلال احمر کی مدد پر کمپنی کا شکریہ ادا کیا۔ صدر کا کہنا تھا کہ معاشرے کے خوش حال طبقات غرباء کی امداد کیلئے حکومتی کاوشوں میں حصہ لیں، کرونا وبا کے باعث متعدد معاشی و معاشرتی مسائل پیدا ہوئے، ان مسائل کے تدارک کیلئے معاشرے کے تمام طبقات مل کر کوشش کریں۔ دریں اثناء صدر مملکت سے چیئرمین ہلال احمر سوسائٹی ابرار الحق نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کرونا متاثرین کیلئے ہلال احمر کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ ہلال احمر کرونا متاثرین کو طبی امداد پہنچانے کیلئے دائرہ کار بڑھائے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کارگل کے شہداء کیپٹن کرنل شیر خان‘ حوالدار لالک جان شہید اور دوسرے شہداء کی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ کارگل جنگ کی اکیسویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ مادر وطن پر جان نچھاور کرنے والے ان بہادر بیٹوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
کرونا کے باعث معاشی و معاشرتی مسائل پیدا ہوئے: صدر علوی
Jul 08, 2020