لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران نے پنجاب حکومت کی جانب سے وفاق کو عید الاضحی کے موقع پر 25 جولائی سے بازار اور شاپنگ مالز کی بندش کی مجوزہ تجویز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل تاجر تنظیموں سے مشاورت کی جائے ، تمام بازاروں اور مارکیٹوں میں حکومت کے طے کردہ ایس او پیز کے مطابق کاروبار ہو رہا ہے اور عید الاضحی سے قبل کاروبار کو بند کرنے کی تجویز سمجھ سے بالا تر ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر اشرف بھٹی نے اپنے دفتر میں بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محبوب سرکی ، میاںطارق فیروز ،نعیم بادشاہ، شہزاد بھٹی سمیت مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے عوام کی قوت خرید پہلے ہی ختم ہو چکی ہے جبکہ کرونا وباء کے باعث لاک ڈائون ،محدود اوقات کار اور دو روز کی بندش کی وجہ سے کاروبار پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خدشات موجود ہیں لیکن تاجر برادری حکومت سے طے پانے والے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وفاق کو ارسال کی گئی تجویز کو واپس لیا جائے بلکہ رش کو کم کرنے کے لئے نہ صرف کاروبار کرنے کاوقت بڑھایا جائے بلکہ ہفتہ اور اتوار کی بندش کو بھی ختم کیا جائے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل تاجر تنظیموں سے مشاورت کرے اور ہماری بھی رائے سے آگاہی حاصل کی جائے۔