اسرائیل کی غزہ میں مزاحمتی مراکز پر جنگی طیاروں سے بمباری

غزہ (صباح نیوز)اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر جنگی طیاروں سے بمباری کی ہے۔ بمباری میں مشرقی غزہ اور دیگر مقامات پر فلسطینی مزاحمت کاروں کے مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی الزیتون کالونی میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ اسرائیلی جنگی طیاروں کی جانب سے نچلی پروازوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ قابض فوج نے مشرقی غزہ میں زرعی اراضی پربمباری کی ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ الزیتون کالونی پر اسرائیلی طیاروں کی جانب سے رات گئے دو بار بمباری کی گئی۔قبل ازیں اسرائیلی فوج کی طرف سے کہا گیا تھا کہ غزہ کی پٹی سے اسرائیلی کالونیوں پر راکٹ حملے کئے گئے ۔ یہودی آباد کاروں کے ایک گروہ نے اسرائیلی فوجیوں کی مدد سے مقبوضہ مغربی کنارے میں سیلفٹ کے مغرب میں بدیہ گائوں میں فلسطینیوں کی ملکیتی زمین پر خیمے گاڑدئیے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آباد کار خلت حسن کے علاقے میں زمینوں پر قبضہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں ۔اس سلسلے میں فلسطینی کارکنوں نے آس پاس کے دیہات کے تمام رہائشیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بدیہ گائوں تک مارچ کریں تاکہ آباد کاروں کی اراضی پر قبضہ کرنے کے ارادوں کو ناکام بنایاجاسکے۔ایک دوسرے واقعہ میں ، اسی روزکے آغاز میں بدیہ گائوں میں آبادکاروں کے حملے میں دو فلسطینی شہری گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے ۔ متاثرہ افراد کوسلفیٹ ہسپتا ل پہنچایا گیا۔قابض اسرائیلی فوجیوں نے اریحا شہر کے شمال میں الجفتلک گائوں میں فلسطینی شہری کو گرفتار کر لیا اور اس کا بلڈوزر ضبط کر لیا۔ قابض صہیونی فوجیوں نے اس گائوں پر دھاوا بولا اور موسی جھالین کو اسرائیل کے زیر کنٹرول علاقے میں کام کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے اس کا بلڈوزر ضبط کر لیا۔اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی زمینوں پر اپنی خود مختاری مسلط کرنا شروع کردی۔

ای پیپر دی نیشن