ملک بھر کے اسپتالوں میں 1227 آکسیجن بیڈز فراہم کردیئے گئے: اسد عمر

اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں ملک بھر کے اسپتالوں میں 1227 آکسیجن بیڈز فراہم کردیئے گئے ہیں۔ اسلام آباد کو 227 آکسیجن بیڈز فراہم کیے گئے ہیں جس میں پولی کلینک اسپتال کو 13، پمز کو 152 اور سی ڈی اے اسپتال کو 59 بیڈز مہیا کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اعلیٰ سطحی اجلاس  ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹریز کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال، ذاتی تحفظ کے آلات، کورونا وباء کے پھیلاؤ کی صورتحال اور اسپتالوں میں ریمپ اپ پلان کا جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے بہتر علاج معالجے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر اب تک ملک بھر کے مختلف اسپتالوں میں مزید 1227 بستر شامل کردیئے گئے ہیں۔ آزاد جموں و کشمیر میں 80 آکسیجن بیڈز فراہم کیے گئے ہیں جن میں  عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس، ڈی ایچ کیو کوٹلی، ڈی ایچ کیو بھمب اور سی ایم ایچ مظفرآباد کو 20،20 بیڈ دیئے گئے ہیں۔ بلوچستان میں فاطمہ جناح اسپتال میں 100  آکسیجن بیڈز دیئے گئے ہیں، جبکہ گلگت بلستان میں ہیلتھ کیئر سسٹم میں مزید 100 آکسیجن بیڈز شامل کیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخواہ کو 320 آکسیجن بیڈز فراہم کیے گئے ہیں جن میں پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 250 بیڈ اور چارسدہ اسپتال کے 70 بیڈز شامل ہیں۔ پنجاب کو 330 آکسیجن بیڈز فراہم کیے گئے ہیں جس میں ایکسپو سینٹر لاہور کے 280 آکسیجن بیڈز اور سوشل سیکیورٹی اسپتال لاہور 70 بیڈز شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن