کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت محکمہ بلدیات سندھ میں قائم ایمرجنسی کنٹرول میں اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ روشن علی شیخ، اسپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ چراغ الدین ہنگورو،میٹرو پولیٹن کمشنر سیف الرحمان، ایم ڈی واٹر بورڈ و سالڈ ویسٹ سمیت تمام میونسپل کمشنرز و ڈی ایم سی نمائندوں نے شرکت نے شرکت کیشرکا میٹنگ سے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز کی بارش کے موقع پر تمام اداروں کے دوران بہترین ورکنگ کوآرڈینیشن اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی دیکھنے میں آئی جس کی بدولت مجموعی طور پر شہر میں کسی بھی مقام پر پانی زیادہ دیر تک کھڑا نہیں رہا اور نہ ہی کسی جگہ سیلابی ریلے کی کیفیت پیدا ہوئی جس کے لئے تمام ڈی ایم سیز ، کے ایم سی بالخصوص واٹر اینڈ سیورج بورڈ مبارک باد کا مستحق ہے۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ نے اب کی بار تمام حفاظتی انتظامات اور احتیاطی تدابیر پہلے سے ہی ترتیب دے لئے تھے جس کی بدولت بارشوں میں پچھلے سالوں جیسی ابتر صورت حال پیدا نہ ہوسکی۔ وزیر بلدیات سندھ نے مشترکہ اقدامات کی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام نالوں کے چوکنگ پوائنٹس سمیت انڈر پاسز پر خصوصی توجہ دی جائے، کمشنرز کے ذریعے ڈی ایم سیز کو نالوں کی صفائی کے حوالے سے مزید فنڈز کا اجرا کیا جارہا ہے، ہر ادارے کے افسران کی یہ ذمہ داری ہے کہ اپنے ماتحت عملے کے ساتھ ایمرجنسی حالات میں پیشہ ورانہ تعاون کریں تاکہ عوامی خدمت کا سلسلہ مزید مضبوط و مستحکم ہوسکے۔صوبائی وزیر نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جن اداروں کے افسران کے مابین اگر کسی بھی قسم کے تنازعات ہیں تو انہیں بیٹھ کر دور کروایا جائے کیونکہ دو اداروں کے مابین تنازعات کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑتا ہے اور لوگوں کو اپنے کاموں کے حوالے سے تاخیر اور تکلیف کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے تھے ، بارش سے پہلے جیسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی: وزیربلدیات
Jul 08, 2020