کراچی (اسپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹر نے بھی دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنے سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے لکھا کہ دلیپ کمار ایک ایسے لیجنڈ تھے جو ہمیشہ ایک متاثر کن شخصیت کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے لکھا کہ قصہ خوانی بازار پشاور پاکستان سے، ممبئی ہندوستان تک آپ کی خوشبو نے سب کو گھیر رکھا ہے۔ کپتان نے دلیپ کمار کی موت کو ایک بڑا نقصان بھی قرار دیا۔شعیب اختر نے کہا کہ دلیپ کمار جیسا نہ کوئی ہے اور نہ ہی مستقبل میں ہوگا۔ انہوں نے لکھا کہ برصغیر کے پہلے اداکار اور شہنشاہِ جذبات دلیپ کمار صاحب جیسا نہ کوئی تھا اور نہ ہی کوئی ہوگا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں دلیپ کمار کی کچھ نایاب تصاویر بھی شیئر کیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ دلیپ کمار کا انتقال خیبر پختونخوا سے لیکر ممبئی تک کا بہت بڑا نقصان ہے۔ شاہد آفریدی نے دلیپ کمار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اداکار کی یادگار تصویر شیئر کرکے لکھا کہ ’’بے شک! ہم اللّہ تعالیٰ کی طرف سے آئے ہیں اور ہمیں اُسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے، خیبرپختونخوا سے لیکر ممبئی اور پوری دنیا میں یوسف خان صاحب (دلیپ کمار) کے پرستاروں کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے، دلیپ کمار صاحب ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے‘‘۔آخر میں شاہد آفریدی نے دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو سے بھی دلی تعزیت کی۔