کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان میں کوریا کے سفیر سو سانگ پیو نے پاکستان کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدہ( ایف ٹی اے) طے کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوریا اورپاکستان کے مابین دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے آزاد تجارتی معاہدہ انتہائی ضروری ہے تاکہ دونوں ملکوں کی تاجربرادری ایک دوسرے کے ملکوں میں دستیاب مواقعوں سے فائدہ اٹھا سکیں اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو۔ یہ بات انہوں نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) کی پاکستان کوریا بزنس کونسل کے چیئرمین سہیل نثار سے ملاقات کے موقع پر تجارتی تعلقات اور نئی تجارتی راہیں تلاش کرنے کے امور پرتبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔کوریا کے سفیر نے کہاکہ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستانی تاجربرادری اپنی حکومت سے درخواست کریں کہ وہ کورین حکومت کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت کو آگے بڑھائے تاکہ کورین سفارتخانہ اپنا کردار ادا کرسکے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کی تاجربرادری پر زور دیا کہ وہ جوائنٹ وینچر میں دلچسپی کا مظاہرہ کریں اور معیشت کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ انہوں نے بزنس ٹو بزنس میٹنگز، اعلیٰ سطح تجارتی وفود کے تبادلے اور دوطرفہ نمائشوں کے انعقاد پر بھی زور دیا اور کورین سفارتخانے کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعان کا یقین دلایا۔