ممبئی (نوائے وقت رپورٹ) ملکہ ترنم نور جہاں کی بیٹی نازیہ اعجاز خان نے اپنی والدہ اور بالی ووڈ کے مرحوم لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے درمیان دوستی اور احترام سے متعلق اپنی خوبصورت یادیں شیئر کی ہیں۔ تقسیم سے قبل نورجہاں بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول ترین گلوکارہ تھیں جو ہندوستانی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی تھیں۔ نور جہاں نے دلیپ کمار کے ساتھ فلم ’’جگنو‘‘ میں کام کیا تھا۔ یہ فلم دلیپ صاحب کے کیریئر کے آغاز کی فلموں میں سے تھی۔ بھارتی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ دلیپ کمار اور نور جہاں دونوں ایک دوسرے کے بہت اچھے دوست تھے اور ایک دوسرے کے لیے دونوں کے دلوں میں محبت اور احترام تھا۔ نازیہ نے بتایا جب میری والدہ کنسرٹ کے لیے بھارت گئیں، دلیپ صاحب سٹیج پر گئے اور کہا ’’میڈم آپ 35 برس بعد انڈیا آئی ہیں اور ہم 35 سال سے آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔ ‘‘دلیپ صاحب نے میری والدہ کا انٹرویو بھی کیا اور یہ پہلی بار تھا جب دلیپ کمار خود کسی کا انٹرویو کر رہے تھے۔ جب میری والدہ بھارت گئیں تو دلیپ کمار اور یش چوپڑا نے ان کی میزبانی کی اور دلیپ کمار نے ان سے ’’دل ہی دل میں سلگ کر بجھے ہم‘‘ گانے کی فرمائش کی۔ میری والدہ اور دلیپ کمار کی بہت ساری یادیں ہیں۔
میڈم ہم 35 سال سے آپ کا انتظار کر رہے تھے، دلیپ کمار کے نور جہاں کی آمد پر الفاظ
Jul 08, 2021