لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی ضمانت پر رہائی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ جسٹس عالیہ نیلم اور جسٹس شہباز رضوی نے 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی کی رپورٹ کے مطابق خواجہ آصف کیخلاف تحقیقات جاری ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق خواجہ آصف کیخلاف ریفرنس چیئرمین نیب کو بھجوا دیا ہے۔ خواجہ آصف پر آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں مزید تفتیش کی ضرورت ہے۔ خواجہ آصف نے اپنی بیرون ملک آمدنی ریٹرنز میں ڈکلیئر کر رکھی ہے۔ بادی النظر میں خواجہ آصف نے قومی خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا۔ پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عثمان ڈار کی نیب کو دی گئی درخواست اور خواجہ آصف کی آمدن کی تفصیلات گوشواروں کی صورت میں تحریری فیصلے میں شامل کی گئی ہیں۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ خواجہ آصف کے خلاف تاحال ریفرنس دائر نہیں کیا گیا۔ کسی ملزم کو غیر معینہ مدت کیلئے جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔ خواجہ آصف کے وکیل کے مطابق تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں اور مزید کوئی ریکوری نہیں ہوئی۔
بادی النظر میں خواجہ آصف نے قومی خزانے کو نقصان نہیں پہنچایا: ہائیکورٹ
Jul 08, 2021