دلیپ کمار دو مرتبہ اپنے جنم بھومی شہر پشاور آئے ‘کراچی بھی گئے

پشاور (بیورو رپورٹ) دلیپ کمار دو مرتبہ اپنے جنم بھومی  شہر پشاور  آ چکے ہیں۔ پہلی مرتبہ 1988ء میں فاطمید فاؤنڈیشن کے سربراہ ناظم جیوا کی دعوت پر پاکستان آئے تھے۔ پشاور میں انہوں نے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں  کیلئے قائم کردہ فاطمید  بلڈ ٹرانسفیوژن ہسپتال کا افتتاح کیا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں سرکاری مہمان کا درجہ دیا گیا۔ ان کے چھوٹے بھائی احسن خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اپنے قیام کے دوران وہ اپنے آبائی گھر بھی گئے جہاں ان کی پیدائش ہوئی تھی۔ انہوں نے سائرہ بانو کو وہ طاق دکھایا جس میں وہ اپنے پیسے چھپا کر رکھتے تھے۔ پشاور سے وہ اسلام آباد لاہور اور پھر کراچی گئے جہاں انہوں نے سائرہ بانو کے والد اور اپنے سسر میاں احسان علی کی عیادت کی تھی جو سخت بیمار تھے۔ دوسری مرتبہ 1998ء میں حکومت پاکستان کی دعوت پر سب سے بڑے شہری اعزاز ’’تمغہ امتیاز‘‘ وصول کرنے اسلام آباد آئے تھے۔ اس کی تقریب میں شرکت کیلئے نامور اداکار سنیل دت کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ اس دوران  یوسف خان نے پشاور کا بھی دورہ کیا۔ اس مرتبہ انہوں نے پشاور کے تاریخی قلعہ بالا حصار کی بلندی سے اپنے شہر پشاور کا نظارہ کیا تھا۔ پشاور سے دلی وابستگی کے بارے میں انہوں نے کہاکہ یہاں کی ہوا میں اپنائیت سی محسوس ہوتی ہے۔ اس کے بعد قصہ خوانی بازار میں بھی انہوں نے یادیں تازہ کرتے ہوئے محلہ خدا داد کا راؤنڈ لگایا اور وہاں کی گلیوں میں گھوم کر اپنے آبائی گھر کا رخ کیا۔  لوگوں کا انتظار میں کھڑے رش کو دیکھ کر حیرت میں مبتلا ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن