اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سید المالکی نے وفاقی وزیربرائے تعلیم ، پیشہ ورانہ تربیت اور قومی ثقافتی ورثہ شفقت محمود سے ملاقات کی۔سفیر کا استقبال کرتے ہوئے شفقت محمود سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم کے شعبے میں پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتا ہے اوراس عظیم قوم کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی اور تعاون کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مزید براں شفقت محمود نے دونوں ممالک کے مابین لوگوں سے رابطے اور ثقافتی تبادلے کے سلسلے میں روابط کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر تعلیم نے ملاقات کے دوران ثقافتی شعبوں میں دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون ، میوزیم ، وژیول آرٹس پرفارمنگ آرٹس ، ادب ، کتب اور اشاعتیں ، زبان و ترجمہ ، فیشن ، اسلامی فنون لطیفہ اور فن کے مابین باہمی تعاون پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ انہوں نے سفیر کو مفاہمت نامے سے بھی آگاہ کیا جس پر دونوں ریاستوں کے مابین جلد ہی دستخط ہونے ہیں۔سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی بہت وسعت موجود ہے۔ نواف بن سید المالکی نے وفاقی وزیر کے ان اقدامات کو سراہا جو وہ تعلیم کے شعبے میں کررہے ہیں تاکہ اسے دنیا میں بہترین مقام حاصل ہو سکے۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو ایک تعلیمی کانفرنس میںشرکت کی دعوت بھی دی جو سعودی عرب میں منعقد ہونے والی ہے۔
سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی کی وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے ملاقات
Jul 08, 2021