سکی کناری ہائیڈرو  پراجیکٹ سے بجلی کی ترسیل ، ٹر انسمیشن لا ئن کی تعمیر شروع

اسلام آباد(نا مہ نگار)نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی) نے 870 میگاواٹ سکی کناری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے بجلی کے ترسیل کیلئے 75 کلومیٹر طویل 500 کے وی ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر شروع کردی ہے۔ بدھ کو این ٹی ڈی سی سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ ٹرانسمیشن لائن 500 کے وی نیلم جہلم ٹرانسمیشن لائن سے منسلک کی جائے گی۔ این ٹی ڈی سی نے سروے، مٹی کی جانچ، روٹ کی توثیق،جنگلی درختوں کی حد بندی، متعلقہ رسائی سڑکیں اوردیگر بنیادی کام مکمل کرلئے ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر محمد ایوب نے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے گڑھی حبیب اللہ کے مقام پر مذکورہ ٹرانسمیشن لائن کے پہلے ٹاور کے تعمیری کام کا افتتاح کیا۔انہوں نے این ٹی ڈی سی ٹیم اور کنٹریکٹرز کوہدایات جاری کی کہ یہ منصوبہ ڈیڈ لائن سے پہلے مکمل کیا جائے۔ بعد ازاں انہوں نے این ٹی ڈی سی کی جاری شجرکاری مہم کے تحت سکی کناری ہائیڈرو پاور پلانٹ کے پاور ہائوس میں پودا بھی لگایا۔ ٹرانسمیشن لائن منصوبے کو پی ایس ڈی پی کے تحت ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) نے79930 ملین روپے کی تخمینہ لاگت سے فنڈز فراہم کئے ہیں۔ ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل اپریل 2023 میں متوقع ہے۔

ای پیپر دی نیشن