کراچی(نیوز رپورٹر) نیشنل سیکورٹی ورکشاپ، بلوچستان کے شرکا نے بدھ کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ منعقدہ ورکشاپ کے وفد میں پارلیمنٹیرینز، قبائلی زعما، علما کرام، سیاسی شخصیات، معززین، سرکاری افسران، ماہرین تعلیم، وکلا اور سول سوسائٹی کے ممبران شامل تھے۔ سیکورٹی ورکشاپ کے شرکا کو پاک فضائیہ کے تنظیمی ڈھانچے اور ذمہ داریوں پر ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کا دارومدار بلوچستان کی ترقی پر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ دوسرے ملکی اداروں کے ساتھ مل کر بلوچ نوجوانوں کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ ایئر چیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ مستقبل کی فضائی جنگ میں تکنیکی صلاحیت اور جدیدیت کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔