کرونا پر اکانومسٹ کی رپورٹ نے اپوزیشن کے منہ پر کالک مل دی : فیاض چوہان 

Jul 08, 2021

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ کرونا وبا کے دوران وزیراعظم عمران خان کی بہتر پالیسیوں پر عالمی جریدے اکانومسٹ کی رپورٹ نے ایک دفعہ پھر اپوزیشن کے منہ پر کالک مل دی ہے۔ اکانومسٹ کے مطابق پاکستان کرونا وبا سے پہلے کی صورتحال پر واپس جانے والے کامیاب ترین ممالک میں شامل ہے۔ اکانومسٹ کی جانب سے مرتب کی گئی 50 ممالک کی لسٹ میں پاکستان تیسرے، چائنہ انیسویں، امریکہ بیسویں جبکہ بھارت اڑتالیس نمبر پر ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ اس سے پہلے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور بل گیٹس بھی وزیراعظم عمران خان کی کرونا پالیسیوں کی تائید کر چکے۔ بغض عمران خان لیکن اپوزیشن کی رگوں میں خون کی طرح دوڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب حکومت کرونا سے لڑ رہی تھی، اپوزیشن اس وقت جلسیوں اور سیاسی ریلیوں میں مصروف تھی۔ وزیراعظم عمران خان کی دور اندیش پالیسیوں کی بدولت آج معاشی اشاریے حوصلہ افزا ہیں اور عوام کا ان پر اعتماد اگلے الیکشن میں واضح نظر آئے گا۔

مزیدخبریں