لندن (نیٹ نیوز) برطانیہ میں رکن اسمبلی ناز شاہ نے سابق بادشاہوں اور ملکائوں کے مجسموں کی تذلیل کے خلاف قانون سازی کے دوران پارلیمنٹ میں شان رسالت کی توہین پر بھی سزا دینے کا مطالبہ کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں سابق بورڈنگ سکولوں سے قدیم مقامی نسلوں کے بچوں کی ہزاروں قبریں برآمد ہونے پر احتجاج کے دوران برطانیہ کے بادشاہوں اور ملکائوں کے مجسموں کو گرا دیا گیا اور ان پر کالک مل دی گئی۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اس عمل کو مجسموں کی بے حرمتی قرار دیا تھا جس کے بعد پارلیمنٹ میں بادشاہوں اور ملکائوں کی مورتیوں کی تذلیل اور توڑ پھوڑ پر 10 سال قید کی سزا کا قانون پیش کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مسلم خاتون رکن اسمبلی ناز شاہ نے ایک نہایت جذباتی اور پْرجوش تقریر میں خاتم النبیین ؐ کی حرمت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صرف بادشاہوں یا ملکائوں کی نہیں بلکہ ہمارے نبی ﷺ کی توہین پر بھی سزا کا قانون بنایا جائے۔ ناز شاہ نے برطانوی اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ کو اپنے بادشاہوں کی مورتیوں سے پیار ہے اس سے کہیں زیادہ ہمارے لیے ہمارے پیغمبر محترم ہیں۔ اس لیے ہمارے جذبات کو مدنظر رکھتے ہوئے یورپ میں بار بار شائع ہونے والے گستاخانہ خاکوں کو بند کروایا جائے۔ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والی ناز شاہ نے مزید کہا یاد رکھیں ایک مسلمان اپنے نبی کو اپنی جان، مال اور عزت سے زیادہ مقدم رکھتا ہے۔ پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے ناز شاہ نے کہا کہ ہمارے نبیؐ کی حرمت کا سب سے زیادہ خیال رکھنا چاہئے، مسلمانوں کے جذبات کو بھی سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا جب ہمارے نبی محترمؐ کی شان میں لوگ گستاخی کرتے ہیں تو ہمیں جو تکلیف پہنچتی ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔
توہین رسالت پر سزا کا قانون بنایا جائے: ناز شاہ کا بر طانوی پارلیمنٹ میں مطالبہ
Jul 08, 2021