اسلام آباد+لاہور (نامہ نگار+سٹی رپورٹر) کرونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان کرونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 30ویں نمبر پر پہنچ گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 1ہزار 517کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید 17افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ مزید 877کرونا مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 3اعشاریہ 2فیصد ہو گئی۔ ملک بھر میں کرونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 22ہزار 469ہو گئی ہے، جبکہ کل کرونا مریضوں کی تعداد 9لاکھ 66ہزار 7ہو چکی ہے۔کل 34ہزار 13مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1ہزار 941مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے،پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 لاکھ 25 ہزار 616 افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کل 1 کروڑ 77 لاکھ 59 ہزار 783 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ پنجاب میں کرونا کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہے، یہاں اب تک 3 لاکھ 47 ہزار 180 کرونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 791 ہو چکی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 83 ہزار 155 کرونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کل 781 افراد اس وبا سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دوسری طرف این سی او سی اجلاس میں ملک کے مختلف علاقوں میں کرونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار اور مختلف سیکٹرز میں ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا۔ تمام صوبائی چیف سیکرٹریز نے بھی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام صوبوں کو ایس اوپیز پر عمل درآمد اور ویکسینیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئی۔ عید الاضحی کے سلسلے میں جاری کی گئی ایس او پیز پر خصوصی عمل درآمد کے بھی احکامات دیے گئے۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ افغانستان میں کرونا کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر مغربی سرحد کو 18 جون 2021 سے بند کیا گیا تھا۔ اس بندش کے دوران صرف دونوں اطراف پھنسے ہوئے پاکستانی اور افغان شہریوں کے علاوہ انتہائی ایمرجنسی کیسز کے مریضوں اور طلبا کو خصوصی رعایت حاصل ہے۔ افغانستان میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے چمن اور طورخم بارڈر پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وہ پاکستانی افراد جن کو ویکسین کی دونوں خوراکیں لگ چکی ہیں، کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں 10 دن کے لئے لازمی قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن افراد کو ویکسین نہیں لگی یا صرف ایک خوراک دی گئی ہے انکو بہرصورت دس دن کے لئے اپنے متعلقہ صوبے میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔ لاہور میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مثبت شرح 1.6، فیصل آباد میں 0.4, ملتان میں 0.3 اور بہاولپور میں 0.8، ریکارڈ کی گئی۔ صوبہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 166 نئے کیسز، ٹوٹل تعداد 347,180 ہو گئی۔ لاہور میں 85، راولپنڈی میں 26، ڈیرہ غازی خان میں 9, بہاولپور میں 5، سرگودھا میں 5، سیالکوٹ میں 5 اور ملتان میں 4 کیسیز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گوجرانوالہ میں 2، میانوالی میں 2، مظفرگڑھ میں 2، ساہیوال میں 2 اور شیخوپورہ میں 2 مثبت کیسیز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کل 5 اموات، جبکہ لاہور میں کوئی بھی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
کرونا اموات ، این سی اوسی کا کیسز میں اضافے پر اظہار تشویش
Jul 08, 2021