حمزہ شہبازسے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، افغان صورتحال پر تبادلہ خیال

Jul 08, 2021

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز شریف سے برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلیٹ ’’ لونا تھامس‘‘ نے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ اس موقع پر افغانستان کی موجودہ صورتحال اور پاک انگلینڈ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میاں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز میں ویکسین کی عدم دستیابی انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ڈوبتی ہوئی معیشت اور بد نظمی  پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلیٹ ’’ لونا تھامس‘‘کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور آزادی رائے کا حق ملنا چاہئے۔ قبل ازیں میاں حمزہ شہباز نے دلیپ کمار کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پشاور کا یوسف خان بالی ووڈ میں فن کی بلندیوں پر چھائے رہے اور لیجنڈ کی صورت دنیا سے رخصت ہوا، اللہ تعالیٰ سے دعاہے مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔ سابق وزیر اعظم، ملک فیروز خان نون کے پوتے،ملک عدنان حیات نون اور ان کی اہلیہ تاہیہ نون کی حمزہ شہباز سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر ملک عدنان نون نے میاں طارق شفیع کے انتقال پر حمزہ شہباز سے تعزیت کا اظہار کیا۔ ملاقات کے وقت اس موقع پر ایم پی اے تاہیہ نون، ذکیہ شاہنواز، مہوش سلطان اور سیف نون موجود تھے۔

مزیدخبریں