اسلام آباد (نامہ نگار، آئی این پی) سپیکر قومی اسد قیصر نے کہا ہے کہ نیب ملک میں بدعنوانی کے خلاف اقدامات کرکے ایک قومی فریضہ سر انجام دے رہا ہے۔ موثر اقدامات معاشرے سے بدعنوانی کی لعنت کو ختم کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت شفافیت اور احتساب کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ چیئرمین نیب نے سالانہ رپورٹ 2020 سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کی اور انہیں ادارے کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2020میں نیب 323.29 ارب روپے کی وصولی کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیب کو 24706 شکایات موصول ہوئی ہیں اور اس سال کے دوران 30405 شکایات نمٹائی گئیں جن میں گزشتہ سال کی زیر التوا ہونے والی شکایات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نیب نے 878 شکایات کی توثیق کے بعد 369 انکوائریاں کیں گئیں اور 175 تفتیش کی گئیں جبکہ احتساب عدالتوں میں 136 ریفرنسز دائر کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال 2020 کے دوران استغاثہ کا مجموعی کامیابی کا تناسب 66 فیصد ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین کو معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے ادارے کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔آئی این پی کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ احتسابی عمل سے کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے،ہمارا ایجنڈا صرف پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔