ملتان (خصوصی رپورٹر)فیڈریشن آف آل یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) پنجاب نے پنجاب بھر کی جامعات کو خودمختار ادارے قرار دے کر اساتذہ اور دیگر ملازمین کو سپیشل الاؤنس سے محروم کرنے پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی کال کا اعلان کر دیا۔ فپواسا پنجاب کے صدر ڈاکٹر عبدالستار اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احتشام علی نے مشترکہ بیان میں فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری ہونیوالے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے اسے پنجاب گورنمنٹ کی تعلیم دشمن پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔ فپواسا پنجاب کے عہدہ داران نے کہا کہ پہلے وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے ڈسپیرٹی الاؤنس کو سپیشل الاؤنس میں تبدیل کیا گیا اور اس کے بعد جامعات کے تمام تر اساتذہ اور ملازمین کے علاوہ کالج کیڈر میں ایم فل اور پی ایچ ڈی الاونس لینے والوں کو بھی اپنے جائز حق سے محروم کر دیا گیا جو کسی صورت بھی قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب حکومت نے اِس نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس نہ لیا تو پنجاب بھر کی جامعات کے اساتذہ اور ملازمین یونیورسٹی اور تدریسی عمل کا مکمل بائیکاٹ کریں گے