لاہور+فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے جا چکے ہیں۔ ایک شخص خاندان کو دو وقت کی روٹی نہیں کھلا سکتا۔ بے روزگاری انتہا پر پہنچ چکی ہے۔ حکومت نام کی چیز کہیں موجود نہیں۔ نااہل حکومت کی وجہ سے لوڈشیڈنگ دوبارہ آ گئی ہے۔ قوم کی بدقسمتی ہے کہ اچھے بھلے بجلی کے کارخانے بند ہورہے ہیں۔ بدھ کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کرنے کے بعد شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میںکہا کہ پاکستان میں تباہ کن لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بے روزگاری انتہا پر پہنچ چکی ہے۔ حکومت نام کی چیز کہیں موجود نہیں۔ اتنا مشکل وقت پاکستان کے عوام نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ یہ تین سالہ نااہل دور حکومت کا نتیجہ ہے۔ دالیں، چینی، گوشت اور اشیاء ضروریہ کے نرخ آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔ پورا ملک مہنگائی سے بلبلا رہا ہے۔ وزراء خود اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ نواز شریف کے دور میں بجلی ضرورت سے زیادہ بنائی گئی۔ بتایا جائے کہ آج لوڈشیڈنگ کیوں ہے۔ نواز شریف کے دور میں سب سے سستے بجلی کے منصوبے لگائے گئے۔ 20,20گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ختم کی۔ بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ختم کرنا کوئی آسان بات نہیں۔ اس نااہل حکومت کی وجہ سے لوڈشیڈنگ دوبارہ آ گئی ہے۔ قوم کی بدقسمتی ہے کہ اچھے بھلے بجلی کے کارخانے بند ہورہے ہیں۔ غربت اور مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے۔ شہباز شریف نے سابق رکن اسمبلی و میئرچوہدری شیر علی سے ان کی بہو کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل چند افراد نے ذاتی مفاد کے لئے جان بوجھ کر وقت پر گیس نہیں منگوائی اور اب مہنگے فیول سے بجلی بنائی جا رہی ہے تاکہ ان کی جیبیں بھر سکیں۔ سبزیاں، انڈے، دالیں، چینی اور آٹا بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے اور اس کے لئے گوشت کھانے کا تصور بھی محال ہے۔ انہوں نے سابق وزیر مملکت چوہدری طلال کے گھر جا کر ان کی والدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔ بعدازاں وہ سابق رکن قومی اسمبلی رانا محمد افضل کی رہائش گاہ پر بھی گئے۔
اتنا مشکل وقت عوام نے کبھی نہیں دیکھا: شپباز شریف
Jul 08, 2021