ملتان (سپورٹس ڈیسک) کرکٹر عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا، بولے کہ میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی، اپنی فیملی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز سے معافی مانگتا ہوں۔عمر اکمل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گزشتہ سال مجھ سے غلطی ہوئی جس سے میرے کیریئر اور کرکٹ کو نقصان ہوا، کچھ لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا لیکن میں نے بروقت پی سی بی اینٹی کرپشن کو نہیں بتایا۔انہوں نے کہا کہ فکسنگ کی پیشکش کے بارے میں بروقت نہ بتانے پر مجھے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔ عمر اکمل نے تمام کھلاڑیوں سے درخواست کی کہ آپ ملک اور کھیل کے سفیر ہیں، کسی بھی مشکوک سرگرمی سے دور رہیں، اگر کوئی مشکوک شخص آپ سے رابطہ کرے تو فوری پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کریں۔یاد رہے کہ فروری 2020ء میں عمر اکمل پر 18 ماہ کی پابندی عائد کردی تھی جسے بعد میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر 4.25 ملین روپے جرمانے کے ساتھ کم کرکے 12 ماہ کردیا گیا تھا۔