امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیس بک ، ٹویٹر اور گوگل کے خلاف اینٹی سنسرشپ کے تحت قانون چارہ جوئی کرنے کا اعلان کیا ہے اورکہاہے کہ ان تینوں بڑی کمپنیوں نے ان پر غلط طور پر پابندیاں عاید کی ہیں اور ان کے اظہاررائے کے حق کودبایا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈونلد ٹرمپ نے نیوجرسی میں واقع بیڈمنسٹر میں اپنے گالف کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج میں امریکا فرسٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ مل کر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں فیس بک ، گوگل اور ٹویٹر کے ساتھ ساتھ ان کے چیف ایگزیکٹو افسروں مارک زکربرگ ، سندرپچائی اور جیک ڈورسی کے خلاف قانونی مقدمہ دائر کررہا ہوں۔75 سالہ سابق امریکی صدر نے کہا کہ ملک کی یہ بڑی ٹیک فرمیں غیرقانونی اور غیرآئینی سنسرشپ کے نفاذ کا ذریعہ بن چکی ہیں۔واضح رہے کہ فیس بک اور ٹویٹر نے ڈونلڈ ٹرمپ پر کوئی تحریر پوسٹ کرنے پر پابندی عاید کررکھی ہے۔سوشل میڈیا کی ان دونوں ویب سائٹس نے یہ فیصلہ 6جنوری کو واشنگٹن میں یوایس کیپٹول پر ان کے حامیوں کے حملے کے بعد کیا تھا۔
ٹرمپ کا فیس بک ، ٹویٹر کے خلاف اینٹی سنسرشپ کے تحت قانونی چارہ جوئی کااعلان
Jul 08, 2021 | 14:21