پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اخترخان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بلوچستان کو حقیقی معنوں میں ترقی دینے کیلئے عملی پیشرفت جاری رکھے ہوئے ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے نیک نیتی سے ناراض بلوچوں سے مذاکرات کرنے کی بات کی ہے اور انشا اللہ اس بیل کو منڈھے چڑھانے کیلئے کوئی کسراٹھا نہیں رکھی جائے گی،مسلم لیگ(ن) کے اندرقیادت کی جنگ اپنے عروج پر ہے اور یہ آنے والے دنوں میں مزید شدید ہو گی ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کیلئے وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے کیونکہ حکومت کی بلوچستان کو ترقی میں یکساں مواقع دے کر قومی دھارے میں شامل کرنے کی پالیسی ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے گوادر کے دورہ کے موقع پر جو گفتگو کی اس میں نیک نیتی ہے اور اس کے بعد اس پر پیشرفت بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے اور انہیں قومی ترقی میں برابری کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں تحریک انصاف بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین انتخابی مہم کے دوران اپنی ماضی کی اتحادی کے خلاف محاذ کھولے ہوئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے اندر انتخابی مہم سے پہلے ہی قیادت کی جنگ عروج پر پہنچ چکی ہے ،دونوں جماعتوں کے پاس عوام کو دکھانے کے لئے کوئی کارکردگی نہیں،انشا اللہ انتخابات میں تحریک انصاف بھرپورکامیابی حاصل کر ے گی.