کیف (آئی این پی) روسی افواج کی ڈونیٹسک شہر پر بمباری سے 8 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔ جبکہ روسی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے مشرقی یوکرائن میں حملے کے دوران امریکی ساختہ 2ہیمارس تباہ کر دئیے ہیں۔ ادھر روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ہیمارس کیلئے راکٹ ذخیرہ کرنے والے گولہ بارود کے 2ڈپو بھی تباہ کردئیے گئے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لوہانسک پر قبضہ کے بعد روسی فوج کی یوکرائن کے اہم شہر ڈونیٹسک کی طرف پیش قدمی جاری ہے۔ یوکرین کے فوجی حکام کے مطابق ڈونیٹسک شہر اور قریبی آبادی والے علاقوں پر بھی شدید گولہ باری کی جارہی ہے۔ متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔ مقامی گورنر نے کہا ہے کہ ڈونیٹسک میں 3 لاکھ 50 ہزار شہری پھنسے ہوئے ہیں۔ روسی فوج نے لوہانسک کے قریبی شہر سلوویانسک کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ روس نے یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف پر بھی میزائل حملے کئے۔ ایک میزائل لگنے سے یونیورسٹی کی عمارت کے مرکزی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔ ادھر روس نے مشرقی یوکرین میں امریکا کی طرف سے فراہم کیا گیا ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم تباہ کر دیا۔ دوسری جانب روس کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس کی مسلح افواج نے مشرقی یوکرین میں امریکا کے تیارکردہ دو جدید ہیمارس راکٹ سسٹم اور ان کے گولہ بارود کے ڈپو تباہ کردیے ہیں جبکہ یوکرین نے اس دعوے کو مسترد کردیا ہے۔ ہتھیاروں کا یہ نظام امریکا اور اس کے اتحادیوں نے یوکرائن کو مہیا کیا۔ وزارت نے ایک ویڈیو فوٹیج بھی جاری کی ۔ یوکرائن کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے روسی دعووں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی ہتھیار محفوظ ہیں اور ہماری فوجیں روس کو شمالی ڈونیٹسک سے باہر روکے ہوئے ہیں۔
یوکرائن : روسی ، 8 افراد ہلاک ، 25 زخمی، امریکی راکٹ سسٹم ، 2 اسلحہ ڈپو تباہ
Jul 08, 2022