این ایچ اے منصوبوں اور کام کی بنیاد پر ٹھیکیداروں کی پری کوالیفکیشن کریگا 


اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)این ایچ اے ایگزیکٹو بورڈ کا400 واں اجلاس چیئرمین این ایچ اے کیپٹن(ر)محمد خرم آغاکی زیر صدارت منعقد ہوا،جس میں فیصلہ کیا گیاکہ پیپرا قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے این ایچ اے منصوبوں اور کام کی بنیاد پر ٹھیکیداروں کی پری کوالیفکیشن کرے گا،جس کے بعد منصوبے سے متعلق مالی تجاویز طلب کی جائیں گی۔اس کے ساتھ ساتھ ٹھیکیدار انشورنس گارنٹی کی بجائے بینک گارنٹی مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔مزید برآں پری کوالیفکیشن کے دوران ٹیکنیکل مہارت اور مالی حیثیت کے تناسب میں ردو بدل کیا گیاہے۔موجودہ طریقہ کار کے مطابق ٹیکنیکل مہارت اورمالی حیثیت کا تناسب بالترتیب 70 فیصد اور30 فیصد ہے جبکہ نئے انتظام کے تحت یہ تناسب بالترتیب 80 فیصد اور20 فیصد رکھا گیا ہے۔ تعمیری منصوبوں پر عملدرآمد کو مزید موثر بنانے کیلئے پری کوالیفکیشن کے عمل کے دوران متعلقہ ٹھیکیدار کی مشینری،آلات اور ٹیکنیکل سٹاف کی موجودگی کی موقع پر جاکر تصدیق کی جائے گی۔اس کے ساتھ ساتھ کام کی کوالٹی اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی کے ذریعے نئے انتظام پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے گا۔

ای پیپر دی نیشن