بھاٹہ چوک مویشی منڈی میںبدانتظامی پر عوام کا شدید احتجاج 

Jul 08, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)کینٹ کے علاقے بھاٹہ چوک میں لگنے والی منڈی میں جانوروں کے نرخ گزشتہ سال کی نسبت کہیں زیادہ اور آسمان سے باتیں کر رہے ہیں۔دوسری طرف بڑی تعداد میں گاہک مہنگائی کا رونا روتے ہوئے نرخ معلوم کر کے واپس لوٹ جاتے ہیں۔مویشی منڈی میں عوام متعلقہ اداروں کی بدانتظامی پر شدید احتجاج بھی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ اس وقت گاہکوں کی کافی تعداد منڈی کا رخ کر رہی ہے لیکن ان میں خریدار کم اور بھائو معلوم کرنے والے زیادہ ہیں۔ خریداروں کے مطابق درمیانے بکرے کے اوسطا نرخ ایک لاکھ اور بڑے کے نرخ دو لاکھ مانگے جا رہے ہیں جو عید کے نزدیک مزید بڑھنے کے امکانات ہیں۔  دوسری طرف یوپاریوں کا موقف ہے کہ اس مرتبہ جانور بہت مہنگے، کرائے اور دیگر اخراجات کئی گنا زیادہ ہوئے ہیں۔ سروے کے دوران علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے  شکایات میں بتایا کہ انتظامیہ کی دانستہ غفلت اور چشم پوشی کے باعث ٹھیکیدار نے کنٹونمنٹ بورڈ عملے کی ملی بھگت سے منڈی کی باڑ مین روڈ کے بالکل قریب لگا دی ہے جبکہ دوسری طرف عین سڑک پر غیرقانونی سٹال اور پارکنگ بنادی گئی ہیں جس سے ٹریفک کا گزرنا مشکل ہو چکا ہے۔ رات کو ٹرکوں کی آمد شروع ہوتے ہی رات بھر ٹریفک جام کا مسئلہ درپیش رہتا ہے، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، جڑواں شہروں کے پولیس و ٹریفک حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے فوری موثر اقدامات کئے جائیں۔

مزیدخبریں