لاہور (خصوصی نامہ نگار ) چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ حبیب الرحمن گیلانی کی ہدایت کی روشنی میں حکام نے والمیکی مندر نیلا گنبد کا قبضہ حاصل کر لیا۔ جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم کی جانب سے اپنائی گئی حکمت عملی کامیابی سے ہمکنار ہو ئی۔ پولیس فورس سمیت دیگر تمام اداروں کو آن بورڈ لے کر ناجائز قابضین کے خلاف کی گئی منظم کارروائی کے دوران بورڈ ٹیم کو کسی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔رپورٹ وفاقی حکومت کو ارسال کر دی گئی۔ذرائع کے مطابق ماضی قریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے بنائے گئے ون مین کمشن نے اپنی رپورٹ میں والمیکی مندر نیلا گنبدکی ھالت زار بہتربنانے اور اس کی تزئیں و آرائش کی سفارشات پیش کیں۔ جن پر عمل درآمد مندر کی بابت مقدمہ ماتحت عدالت میں زیر سماعت ہونا تھا۔ تاہم ماتحت عدالت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کے حق میں فیصلہ سنائے جانے کے بعد اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز نے مندر کا قبضہ حاصل کرنے کیلئے باضابطہ طور پر پلان چیئر مین بورڈ کو پیش کیا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ نے والمیکی مندر نیلا گنبد کا قبضہ حاصل کر لیا
Jul 08, 2022