لاہور(سپورٹس رپورٹر)ہنزہ سے تعلق رکھنے والے عمران شمشالی گشہ بروم ٹو کی مہم جوئی کے دوران گر کر جاں بحق ہوگئے جبکہ کوہ پیما موسی سدپارہ کیمپ تھری پر پھنس گئے ہیں۔براڈپیک سے لاپتا شریف سدپارہ کا بھی کچھ پتا نہیں چل سکا ہے۔براڈ پیک کی مہم جوئی کرنے والے پاکستانی کوہ پیما محمد شریف سدپارہ کو لاپتہ ہوئے 3 روز گزر گئے۔ذرائع نے بتایا کہ تین روز گزر جانے کے بعد بھی سرچ آپریشن تاحال شروع نہیں کیا جاسکا جس کے باعث شریف سدپارہ کے زندہ بچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔ساتھی کوہ پیماؤں نے بتایا کہ شریف سدپارہ 7 ہزار میٹر بلند چوٹی براڈ پیک پر مہم جوئی کے دوران پھسل کر کھائی میں گرگئے تھے، اس دوران دلاور سدپارہ اور مراد سدپارہ نے موقع پر ریسکیو کی کوشش کی جو ناکام رہی۔ شریف سدپارہ کے گھر والوں کی آرمی ایوی ایشن سے رسیکیو کی اپیل کردی ہے جبکہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔ نانگا بربت چوٹی کو سر کرنے کیلئے جانے والے پاکستان کے کم عمر ترین کوپ پیما شہروز کاشف اور فضل علی کو پاک آرمی نے آپریشن کرکے ریسکیو کرلیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں کوہ پیمائوں کو کامیابی کیساتھ بچا لیا گیا ہے ۔