اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) سابق رکن اسمبلی عائشہ گلالئی نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بغاوت کے مقدمہ کی درخواست دے دی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہونے والی عائشہ گلالئی نے اسلام آباد تھانہ سیکرٹریٹ میں عمران خان کے خلاف بغاوت کے مقدمہ کے اندراج کی درخواست دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بیرونی ایجنڈے پر پاکستانی فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ میں اپنے سر پر کفن باندھ کر پاکستان کیلئے نکلی ہوں، میرا گھر پشاور ہے اور وہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔ میرا سوال ہے کہ جب الطاف حسین پر پابندی لگ سکتی ہے تو پی ٹی آئی پر کیوں نہیں۔ خدانخواستہ فوج کمزور ہوگئی تو ملک کو ٹکڑے ہونے سے کون بچائے گا۔ چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ حالات بہت سنجیدہ ہو رہے ہیں، وہ معاملات کا نوٹس لیں، سپریم کورٹ سے کہتی ہوں علی وزیر نے اتنا بڑا جرم نہیں کیا جتنا عمران خان نے عوام کے ساتھ کیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ انسپکٹر افضال نے بتایا کہ سابق ایم این اے عائشہ گلالئی کی درخواست ان کے مندرجات کی وجہ سے لیگل رائے کیلئے بھیجی جائے گی۔ اس میں جو جواب آیا قانون کے مطابق عملدرآمد ہو گا۔
عائشہ گلا لئی