ووٹ نہ دینے پر وڈیرے کا محنت کش پر تشدد، گھر کو آگ لگادی

Jul 08, 2022


لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) بلدیاتی انتخابات میں ووٹ نہ دینے کی سزا، بااثر وڈیرے اور ان کے بیٹے کی جانب سے مبینہ طور پر محنت کش اور ان کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بناکر گھر کو آگ لگادی، تفصیلات کے مطابق تحصل ڈوکری کے گاؤں نئیں گڈ کے رہائشی پنہور برادری کی جانب سے بااثر وڈیرے اور ان کے بیٹے کے خلاف خیر محمد آریجا بائی پاس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا، اس موقع پر سچل پنہور نے اپنے ورثہ کے ہمراہ بتایا کہ گزشتہ 26 جون کے روز بلدیاتی انتخابات میں ہم نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے امیدوار ظاہر بگھیو کو ووٹ دے کر کامیاب کروایا جبکہ ان کے مد مقابل جی ڈے اے کے بااثر وڈیرے سرفراز بگھیو کے بیٹے محمود خان بگھیو ہار گئے تھے جس کے بعد بااثر وڈیرے اور ان کے بیٹے نے ووٹ نہ دینے پر گزشتہ شب گھر میں داخل ہوکر مجھ سمیت میرے بھائی نواب پںہور کو بدترین تشدد کا نشانہ بناکر اپنے اوطاق میں قید کردیا اور صبح کے وقت مجھے رہا کرکے بھائی کو اپنے قید میں رکھ کر اپنے مسلح افراد کے ذریعے گھر کو آگ لگادی جن کے خلاف حد کے تھانہ حسن واہن پر شکایت کی لیکن پولیس بااثر وڈیرے اور ان کے بیٹے کے خلاف کاروائی کے لیے تیار نہیں،  دوسری جانب رابطہ کرنے پر سرفراز خان بگھیو نے بتایا کہ میں نے کسی پر بھی تشدد نہیں کیا اور نہ نواب یا دیگر نام سے کوئی شخص میرے پاس ہے، مخالفین مجھ پر جھوٹے مقدمات درج کرنے کے لیے غلط پروپگینڈہ کررہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی والوں نے دھاندلی بھی خود کی اور الزام ہم پر لگاکر ہمیں ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مزیدخبریں