شکارپور (نامہ نگار) گڑھی یاسین کے علاقے مدیجی میں محلہ غریب آباد میں ملزم حاکم جتوئی نے پیسے نہ دینے پر اپنی سگی بہن فوزیہ کو پستول سے گولیاں مارکر قتل کردیا۔دوسری جانب ملزم حاکم جتوئی نے واردات میں استعمال ہونے والی پستول سمیت اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کردیا. ملزم نے پولیس کے سامنے اقبالِ جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بہن کراچی سے مدیجی گھومنے آئی تھی. ملزم نے پیسے مانگنے کے بعد انکار کی صورت میں طیش میں آکر اپنی بہن کو قتل کردیا۔ دوسری جانب تھانہ گڑھی یاسین کی حدود گاؤں رکھیل شر کی وانڈھ میں ملزم گلزار شر نے اپنی چچی زاہدہ زوجہ امین شر پر کاری کا الزام لگاکر پستول سے گولیاں مارکر قتل کردیا۔ قتل کی واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا. واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقتولہ کی لاش کو اپنی تحویل میں لیکر اسپتال پہنچایا۔ شکارپور کے قریب تھانہ کرن کی حدود گاؤں حیدر جعفری میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے گولیاں لگنے کے باعث 35 سالہ محمد اشرف ولد حبیب اللہ جعفری ہلاک ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مقتول کی لاش کو اپنی تحویل میں لیکر اسپتال پہنچایا. جہاں سے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد اسے ورثاء کے حوالے کیا گیا. معلومات کے مطابق مقتول اپنے رشتہ دار کے ساتھ اپنے گاؤں سے شکارپور شہر آرہا تھا کہ راستے میں یہ واقعہ پیش آیا۔شکارپور سے نامہ نگار کے مطابق شکارپور میں حاجی لطیف شاہ محلہ کے رہائشی 15 سالہ لڑکے کو وحشی صفت شخص نے جنسی درندگی کا نشانہ بنادیا. واقعے کے بعد متاثرہ لڑکے سمیت اس کے ورثاء نے شکارپور پریس کلب پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ کیا. اس موقع پر متاثرہ لڑکے کے والد شعیب سومرو نے صحافیوں کو بتایا کہ میرا بیٹا سلمان دوستوں کے ساتھ گھوم پھر کر واپس آرہا تھا کہ ملزم لعل ڈنو ماچھی نے اسے زبردستی اپنی جنسی حوس کا نشانہ بنایا. پولیس نے حد بندی کا جواز بناکر ہماری بات سننے سے انکار کردیا ہے. انہوں نے ایس ایس پی شکارپور سمیت دیگر حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا. دوسری جانب واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی شکارپور تنویر حسین تنیو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ نیو فوجداری کو مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
پیسے نہ دینے پر بہن قتل ، چچی کو بدکاری کے شبے میں مار ڈالا
Jul 08, 2022