اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ اقبال نے بابائے اردو کو مشورہ دیا تھا کہ مسلمانوں کو علم کی دنیا میں لانے کے لیے سائنس کا اردو میں ترجمہ کریں۔ تفصیلا ت کے مطا بق کامسٹیک نے "سائنس اور ٹیکنالوجی پر علامہ اقبال کا نقطہ نظر" کے موضوع پر ایک ویبینار کا انعقاد کیا جس میں ڈاکٹر سر محمد اقبال کے پوتے سینیٹر ولید اقبال نے ایک جامع لیکچر دیا۔ ولید نے کہا کہ چند لوگ اس بات سے واقف ہیں کہ اقبال کو تمام عصری مضامین کا مکمل ادراک تھا اور وہ 20ویں صدی کی سائنسی ترقی اور فلسفیانہ مباحث کی گہری سمجھ رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کو سائنس اور انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں جدید ترین ایجادات پر مکمل معلومات رکھتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اقبال کی شاعری اور فلسفیانہ افکار نہ صرف جدید سائنسی ترقی کے اثرات کا مجموعہ ہیں بلکہ ان کے جدید سائنس کے مطالعے کی بنیاد پر متاثر کن پیشین گوئیاں بھی کی ہیں۔ ولید نے کہا کہ شاعری، لیکچرز اور بالخصوص اسلام میں مذہبی فکر کی تشکیل نو میں اقبال نے جدید سائنسی نظریات سے استفادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اقبال اس بات پر پختہ یقین رکھتے تھے کہ مسلمان طلباء کو جدید دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سائنسی تعلیم میں شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ اقبال نے سائنسی کتابوں کا اردو میں ترجمہ کرنے پر زور دیا تاکہ مسلمان طلباء سائنسی تصورات کو سمجھ سکیں۔انہوں نے ذکر کیا کہ 1932 میں اقبال نے بابائے اردو مولوی عبدالحق کو ایک ملاقات میں مشورہ دیا تھا کہ وہ وقت کی ضرورت کو سمجھتے ہوئے سائنس کی کتابوں کا اردو میں ترجمہ کریں تاکہ مسلمانوں کو خیالی دنیا سے نکال کر علم کے میدان میں قدم رکھنے میں مدد مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اقبال کا خیال تھا کہ مسلمان یہ سمجھنے میں ناکام رہے ہیں کہ یہ دین اسلام ہی ہے جس نے دنیا کو سائنسی مطالعہ کی بنیادیں فراہم کی ہیں۔انہوں نے سائنسی دریافتوں کی پیشین گوئیوں کی بہت سی مثالوں کا ذکر کیا جو اقبال نے ان کی اصل دریافت سے کئی سال پہلے لکھی تھیں۔ولید نے کہا کہ اقبال مسلمانوں کی ماضی کی شان و شوکت اور سائنس اور علم کی طرف ان کا رویہ، اور اسلامی تہذیب کے زوال کے بعد مسلمانوں کے ساتھ جو ہوا اس سے گہری دلچسپی رکھتے تھے۔ ولید اقبال نے اقبال کے سائنسی، سماجی، مذہبی اور فلسفیانہ افکار پر ان کے اشعار کی وضاحت کرکے اور ان کے متعدد سوانح نگاروں کا حوالہ دے کر نہایت جامع گفتگو کی۔
سینیٹر ولید اقبال
علامہ اقبال کو تمام عصری مضامین کا مکمل ادراک تھا:سینیٹر ولید اقبال
Jul 08, 2022