دوطرفہ تجارت، لاہور چیمبر میں انڈونیشیا ڈیسک قائم کرنے کا فیصلہ  

Jul 08, 2022

 لاہور( کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ملاورمین ٹوگیو سے ملاقات میں کہا ہے کہ لاہور چیمبر میں انڈونیشیا ڈیسک قائم کیا جائے گا جو دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے کام کرے گا۔ لاہور چیمبر میں ہونیوالی اس ملاقات کے موقع پر سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے بھی خطاب کیا۔سفیر نے کہا کہ پاکستان اور انڈونیشیاء دونوں بڑے اسلامی ممالک اور دو طرفہ تجارت میں اضافہ کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبردو طرفہ تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں کو انڈونیشیا میں اکتوبر میں ہونے والے ٹریڈ فیئر میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں آسیان ممالک کیساتھ تجارت کے فروغ پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت ، ای کامرس ، ٹیکسٹائل ، آٹو موبائل، ہربل میڈیسن ، مصالحہ جات اور ڈیفنس کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیکر باہمی تجارت نئی بلندیوں تک پہنچائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈونیشیا میں ٹورازم اور ہاسپیٹیلٹی سیکٹر انتہائی منافع بخش شعبے مگر کرونا کے باعث یہ کافی متاثر ہوئے۔ انہوں نے اسلامک اکانومی کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پرمیاں نعمان کبیر نے کہاکہ پاکستان اور انڈونیشیا دونوں او آئی سی کے اہم رکن اور مسلم کمیونٹی کی خدمت کا اہم فریضہ بخوبی ادا کرہے ہیں۔پاکستان انڈونیشیا کیساتھ اپنے تاریخی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، جس کی بنیاد بانی پاکستان، قائداعظم محمد علی جناح اور مسٹر سوئکارنو نے رکھی تھی۔


 انہوں نے کہا کہ یہ برادرنہ تعلقات ہماری دو طرفہ تجارت میں بھی نظر آنے چاہیے جوکہ تنزلی کی طرف جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیںتجارت و سرمایہ کاری کے نئے شعبے تلاش اور تجارتی حجم کو 5ارب ڈالرز تک بڑھانے کے لئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
۱ٍ

مزیدخبریں